پشاور: انسانی اعضاء کی غیرقانونی خرید و فروخت میں ملوث گروہ گرفتار

اعجاز آفریدی، فضل الحق

پشاور: محکمہ ایکسائز نارکوٹیکس ونگ نے پشاور کے جائینٹ چیک پوسٹ ایم ون پر کاروائی کرتے ہوئے انسانی اعضاء کی غیرقانونی خرید و فروخت میں ملوث ایک گروہ کو گرفتار کرلیا۔

ایکسائز نارکوٹیکس ونگ کے مطابق، گرفتار ہونے والے ملزم شہزاد علی نے ملتان کے رہائشی محسن اور راشد کو پشاور گردے نکالنے کے لئے لایا تھا۔ دونوں افراد کے گردے بیچنے کی قیمت 2 لاکھ 80 ہزار روپے طے کی گئی تھی۔

محکمہ ایکسائز نے بتایا کہ یہ گروہ مجبور افراد کے گردے نکال کر انہیں مہنگے داموں فروخت کرنے کے کاروبار میں ملوث تھا۔ ملزم شہزاد کے موبائل سے متاثرہ افراد کی متعدد ویڈیوز بھی برآمد کی گئیں، جو اس کاروبار کی حقیقت کو بے نقاب کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سرکاری سکول ٹیچر جاں بحق

گرفتار شدگان کو مزید تفتیش کے لئے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ محکمہ ایکسائز حکام نے اس کارروائی کو انسانی اعضاء کی غیرقانونی تجارت کے خاتمے کے لئے اہم قدم قرار دیا ہے۔

دوسری جانب ضلع مردان میں ایکسائز اینٹیلیجنس بیورو اور تھانہ ایکسائز مردان ریجن نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ہیروئن سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

مردان مرہٹی روڈ ولی انٹرچینج کے قریب  کاروائی کے دوران دو موٹر کاروں سے 20000 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی ،  تین ملزمان معاذ اللہ ولد سید محمد ساکن افغانستان حال باڑہ، انعام اللہ ولد جرنیل خان سکنہ کوکی خیل جمرود اور شعیب خان ولد رحیم خان ساکن افغانستان حال باڑہ موقع پر گرفتار کرلئے گئے

ملزمان کے خلاف  قانونی کاروائی کیلئے تھانہ ایکسائز مردان ریجن میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ۔

Scroll to Top