پاسپورٹ بنوانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

اسلام آباد: پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند شہریوں کیلئے خوشخبری ہے، کیونکہ آن لائن پاسپورٹ درخواست گزاروں کے لیے فنگر پرنٹس کی تصدیق کا نیا اور جدید نظام متعارف کروا دیا گیا ہے۔

اس اقدام کا مقصد شہریوں کو درپیش مشکلات کم کرنا اور پاسپورٹ کے حصول کے عمل کو مزید آسان، تیز اور شفاف بنانا ہے۔

حکام کے مطابق آن لائن پاسپورٹ درخواست دیتے وقت فنگر پرنٹس ویریفکیشن کے مرحلے میں شہریوں کو مختلف مسائل کا سامنا تھا، جس کے باعث انہیں پاسپورٹ دفاتر کے بار بار چکر لگانا پڑتے تھے۔

اب نادرا کے تعاون سے پاک آئی ڈی ایپ پر فنگر پرنٹس کی تصدیق کا ایک مؤثر اور جدید نظام نافذ کر دیا گیا ہے۔

اس نئے نظام کے تحت آن لائن پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے والے شہری اب گھر بیٹھے ہی اپنے فنگر پرنٹس کی تصدیق کروا سکیں گے۔

فنگر پرنٹس کی تصدیق براہِ راست نادرا کے ڈیٹا بیس سے کی جائے گی، جس سے نہ صرف درستگی میں اضافہ ہوگا بلکہ جعل سازی کے امکانات بھی کم ہوں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس سہولت کے بعد فنگر پرنٹس ویریفکیشن کے لیے پاسپورٹ دفاتر میں حاضری کی ضرورت نہیں رہے گی، جس سے شہریوں کا وقت اور پیسہ دونوں بچے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ دفاتر پر رش میں بھی نمایاں کمی آنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایک ہفتے میں ہزاروں غیرقانونی تارکین وطن سعودی عرب سے نکال دیے گئے

مزید بتایا گیا ہے کہ فنگر پرنٹس ویریفکیشن کے اس نئے نظام سے آن لائن پاسپورٹ درخواستوں کی پراسیسنگ میں تیزی آئے گی اور مجموعی نظام میں شفافیت کو فروغ ملے گا۔
حکام کے مطابق یہ اقدام ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے شہریوں کو جدید اور آسان سرکاری خدمات میسر آئیں گی۔

پاسپورٹ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاک آئی ڈی ایپ کو اپ ڈیٹ رکھیں اور آن لائن درخواست دیتے وقت فراہم کردہ ہدایات پر عمل کریں تاکہ فنگر پرنٹس کی تصدیق بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل ہو سکے۔

Scroll to Top