سال 2026 کے آغاز کے ساتھ ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے بڑی خبریں سامنے آئیں ہیں، جن کا براہِ راست اثر صارفین اور ٹرانسپورٹ سیکٹر پر پڑنے کا امکان ہے۔
خلیجی میڈیا رپورٹس کے مطابق، کویت نے 2026 کی پہلی سہ ماہی تک ایندھن کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت:
پریمیم پیٹرول کی قیمت 85 فلس فی لیٹر،
ریگولر پیٹرول 105 فلس فی لیٹر،
ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت 115 فلس فی لیٹر برقرار رہے گی۔
مزید برآں، ریاستی کمیٹی نے سبسڈی نظام کا جائزہ لینے کے بعد الٹرا (98 آکٹین) پیٹرول کی قیمت 200 فلس فی لیٹر مقرر کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔ یہ تمام قیمتیں یکم جنوری سے 31 مارچ 2026 تک نافذ العمل رہیں گی۔
دوسری جانب، خلیجی خطے کے دیگر ممالک نے ایندھن کی قیمتیں آزاد کرنے کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے، جس کے تحت قیمتوں کا تعین عالمی تیل منڈی میں ہونے والے اتار چڑھاؤ کے مطابق کیا جاتا ہے۔ عام طور پر ہر ماہ کے اختتام پر نئی قیمتیں اعلان کی جاتی ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں جنوری 2026 کے لیے ایندھن کی قیمتوں کا اعلان بھی آئندہ دنوں میں متوقع ہے۔ دسمبر کے اختتام پر عالمی مارکیٹ میں معمولی اضافہ ہونے کے بعد نئے ماہ میں قیمتوں پر اس کے اثرات مرتب ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دسمبر کے دوران متحدہ عرب امارات میں ایندھن کی قیمتیں اس طرح رہی ہیں:
سپر 98 پیٹرول: 2.63 درہم سے بڑھ کر 2.70 درہم فی لیٹر (تقریباً 2.7 فیصد اضافہ)
اسپیشل 95 پیٹرول: 2.51 سے بڑھ کر 2.58 درہم
ای پلس 91 پیٹرول: 2.44 سے بڑھ کر 2.51 درہم
ڈیزل: 2.67 سے بڑھ کر 2.85 درہم فی لیٹر
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس عالمی صورتحال کے بعد پاکستان میں بھی یکم جنوری سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ تبدیلیاں متوقع ہیں، جس پر صارفین کی توجہ مرکوز ہے۔ صارفین سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ممکنہ قیمتوں میں تبدیلیوں سے قبل اپنی ضروریات کو مدنظر رکھیں۔




