اس وقت مذاکرات کا کوئی ماحول نظر نہیں آرہا،سلمان اکرم راجہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ اس وقت مذاکرات کا کوئی ماحول نظر نہیں آرہا۔

اڈیالہ جیل کے قریب داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مذاکرات تبھی ممکن ہیں جب بنیادی اصولوں کو تسلیم کیا جائے، ہوا میں مذاکرات کی بات کرنا بے معنی ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی تاہم کچھ دیگر سطحوں پر معاملات آگے بڑھ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر کا پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کو خط،پنجاب اسمبلی واقعے پر شدید تشویش کا اظہار

انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی بہنوں کا حق ہے کہ انہیں ملاقات کروائی جائے اور کسی کو یہ فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں کہ عمران خان کو قید تنہائی میں رکھا جائے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ حکومت کا یہ رویہ بنیادی انسانی حقوق کے خلاف ہے اور وہ اس سلسلے میں اڈیالہ کے باہر آکر ریاست کے ضمیر کو جھنجوڑتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بسکٹ کھانے یا چائے پینے کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے عوام، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھیوں اور جماعت کے لیے مخلصانہ اور ٹھوس مذاکرات ضروری ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ 8 فروری 2024 کی بنیاد پر قائم کیا گیا نظام دیرپا نہیں ہے،پی ٹی آئی آگے بڑھنے کے لیے صرف بنیادی اصولوں پر بات کرنے کو تیار ہے۔

Scroll to Top