وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دھند کا راج

اسلام آباد: اسلام آباد میں شدید دھند کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی، جس سے ٹریفک میں مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔ شہریوں اور ڈرائیورز کو شدید محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق دھند کی وجہ سے حد نگاہ بعض مقامات پر چند میٹر تک محدود ہو گئی ہے، جس سے ڈرائیونگ انتہائی خطرناک ہو گئی ہے۔

متاثرہ علاقوں میں نیول اینکرج سے لے کر ڈی ایچ اے 2 تک ایکسپریس ہائی وے، بحریہ ٹاؤن فیز 4 اور فیز 7، اور ساون ریور کے قریب واقع تمام رہائشی علاقے شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے شام 5 بجے کے بعد ڈرائیونگ کرنے والے افراد محتاط رہیں۔ ٹریفک پولیس نے بھی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کی فوگ لائٹس (Fog Lights) استعمال کریں، کم رفتار میں ڈرائیو کریں اور ایک دوسرے سے محفوظ فاصلہ رکھیں۔

ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا کہ دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے حادثات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، لہٰذا شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر ممکن ہو تو دن کے محفوظ اوقات میں سفر کریں۔

یہ بھی پڑھیں : ایبٹ آباد: چھم کے مقام پر برف میں پھنسے سیاہ فیملیز کو ریسکیو کر لیا گیا

بعض مقامات پر حد نگاہ تقریباً صفر کے برابر ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے ڈرائیونگ نہایت خطرناک ہو گئی ہے۔

ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ شہریوں کو مسلسل آگاہی فراہم کر رہی ہیں اور ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

محکمہ موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ دھند کی شدت اگلے 24 گھنٹوں تک برقرار رہ سکتی ہے، اس لیے شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات پر عمل کریں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں۔

Scroll to Top