چارسدہ، شادی کی تقریب کے دوران مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق، 5 زخمی
تحصیل شبقدر کے علاقے خیر آباد مٹہ میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک شادی کی تقریب کے دوران مکان کی بوسیدہ چھت اچانک گر گئی۔ اس حادثے میں چھ افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، مرنے والے زیادہ تر مہمان تھے جو شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق پشاور اور خیبر تیرا سے بتایا گیا ہے۔
حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکال لیا اور انہیں ٹی ایچ کیو اسپتال شبقدر منتقل کیا گیا۔ ریسکیو شبقدر کے علاوہ چارسدہ کے اسٹیشن 11 اور اسٹیشن 22 سے بھی ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کی گئیں۔
حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
زخمی:
دولت بی بی زوجہ حکیم (45 سال)
یمنہ دختر فضل داؤد (17 سال)
حسبہ دختر عدنان (6 سال)
آمنہ دختر فضل داؤد (17 سال)
نعیمہ زوجہ شیراز (30 سال)
وفات زدگان:
مصفہ دختر شیراز (3 سال)
صائمہ دختر رئیس (12 سال)
نائدہ زوجہ امروز (25 سال)
مریم دختر امروز (5 سال)
زونیشہ دختر امروز (2 سال)
پولیس اور مقامی انتظامیہ کے مطابق، حادثے کے بعد پورے علاقے میں فضا سوگوار ہے۔ اہل علاقہ اور مہمان شدید صدمے کا شکار ہیں، اور حکام نے متاثرہ خاندانوں کو امداد فراہم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
حادثے کے بعد حکومتی اداروں اور ریسکیو ٹیموں نے بوسیدہ عمارتوں کی نگرانی بڑھانے اور مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے اقدامات کا عندیہ دیا ہے۔





