تیمرگرہ۔ لوئر دیر کے ضلعی ہیڈ کوارٹر تیمرگرہ میں واقع پبلک لائبریری تین اضلاع، لوئر دیر، اپر دیر اور باجوڑ کی واحد عوامی لائبریری ہے۔
شہید چوک میں قائم یہ لائبریری 2014 میں محکمہ آرکائیوز اینڈ لائبریریز خیبر پختونخوا کے زیر انتظام قائم کی گئی تھی اور اس وقت یہاں 15 ہزار سے زائد کتب موجود ہیں۔
لائبریری میں سائنس، سوشل سائنس، اردو اور انگریزی ادب، میڈیکل، انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس اور جنرل نالج سمیت مختلف موضوعات پر کتابیں دستیاب ہیں۔ مطالعہ کے لیے مرد و خواتین کے لیے علیحدہ سیکشنز مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ایک ڈیجیٹل لیب بھی موجود ہے، جہاں جدید سہولیات کے ساتھ تحقیقی کام کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تیمر گرہ میڈیکل کالج میں تدریسی عمل شروع نہ ہوسکا
یہاں ہر عمر کے افراد مطالعہ کے لیے آتے ہیں، خاص طور پر ایم فل، پی ایچ ڈی، سی ایس ایس اور پی ایم ایس کے امیدوار اس لائبریری میں تیاری کے لیے آتے ہیں۔ صبح 9 بجے سے رات 8 بجے تک کھلنے والی اس لائبریری میں ایک پرسکون تعلیمی ماحول فراہم کیا جاتا ہے، تاہم بجلی کی مسلسل لوڈشیڈنگ کے باعث طلبہ اور محققین کو مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔
لائبریری کا عملہ خوش اخلاق اور معاون ہے، جس کی بدولت یہاں آنے والے افراد کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ مقامی طلبہ اور محققین کا کہنا ہے کہ تیمرگرہ پبلک لائبریری ان کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں، مگر حکومت کو چاہیے کہ بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ علمی سرگرمیاں بلاتعطل جاری رہ سکیں۔