مردان، شادی کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں، دلہا کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق

مردان میں شادی کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں، دلہے کی فائرنگ سے تقریب میں موجود نوجوان موقع پر جاں بحق ہوگیا ۔

مردان کے شہری علاقہ شریف آباد میں شادی کی خوشیاں اس وقت ماتم میں بدل گئیں جب محفلِ موسیقی کے دوران دلہا کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا، واقعے کے بعد ملزم دلہا موقع سے فرار ہو گیا۔

پولیس کے مطابق مردان کے علاقے شریف آباد میں شادی کی تقریب جاری تھی اور محفلِ موسیقی منعقد کی گئی تھی کہ اسی دوران دلہا عمر اور ایک نوجوان محمد بلال کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔

معمولی تلخ کلامی کے بعد دلہا طیش میں آگیا اور فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں محمد بلال موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

واقعے کے فوراً بعد تقریب میں بھگدڑ مچ گئی جبکہ ملزم دلہا فرار ہو گیا، اطلاع ملنے پر سٹی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مردان،دیر کے رہائشی کی پولیس تھانے میں مبینہ خود سوزی،لواحقین کا احتجاج

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے، جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Scroll to Top