پشاور: خیبر پختونخوا میں صوبائی کابینہ کی توسیع دو ماہ گزرنے کے باوجود عملی شکل اختیار نہیں کر سکی جس کے باعث حکومتی امور محدود کابینہ کے ذریعے چلائے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کابینہ میں رد و بدل اور نئے وزراء کی شمولیت کو اہم سیاسی مشاورت سے مشروط کیا گیا ہےتاہم تاحال یہ مشاورت مکمل نہیں ہو سکی۔
اس وقت صوبائی کابینہ صرف 10 وزراء پر مشتمل ہے جبکہ حکومتی حلقوں میں کابینہ کو مزید وسعت دینے پر اتفاق پایا جاتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مرحلے میں 10 سے زائد نئے وزراء اور مشیروں کو کابینہ میں شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہےجن میں سابق کابینہ کے بعض ارکان کے نام بھی شامل ہو سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : 86 فیصد پاکستانی 2026 کے بارے میں پرامید، آئی پی ایس او ایس سروے
ذرائع کے مطابق بعض متوقع وزراء کی کلیئرنس موصول ہو چکی ہے تاہم چند ناموں کے حوالے سے جانچ پڑتال کا عمل تاحال مکمل نہیں ہو سکاجس کے باعث کابینہ کی توسیع کے اعلان میں مزید تاخیر ہو رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال کے تیسرے مہینے کے اختتام تک کابینہ میں توسیع کے امکانات موجود ہیں تاہم حتمی فیصلہ سیاسی قیادت کی مشاورت مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جائے گا۔
صوبائی کابینہ میں توسیع نہ ہونے کے باعث مختلف محکموں پر اضافی بوجھ اور انتظامی مسائل پیدا ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔





