86 فیصد پاکستانی 2026 کے بارے میں پرامید، آئی پی ایس او ایس سروے

عالمی مارکیٹ ریسرچ کمپنی (آئی پی ایس او ایس) کے حالیہ سروے میں عوام کی بڑی اکثریت سال 2026 کے بارے میں پُرامید نظر آتی ہے۔

سروے کے نتائج کے مطابق 86 فیصد پاکستانیوں نے سنہ 2026 کے حوالے سے مجموعی طور پر امید کا اظہار کیا ہے جبکہ 63 فیصد افراد کا خیال ہے کہ ملک میں سیاسی تسلسل برقرار رہے گا۔

سروے میں ڈیجیٹل رجحانات سے متعلق دلچسپ اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔

84 فیصد پاکستانیوں نے کہا کہ وہ سال 2026 میں بالمشافہ ملاقاتوں کے بجائے آن لائن سماجی روابط کو ترجیح دیں گے تاہم اس کے برعکس 49 فیصد افراد نے سوشل میڈیا کے استعمال میں کمی لانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

سروے کے مطابق 70 فیصد پاکستانیوں کو توقع ہے کہ سنہ 2026 میں ملک میں خواتین کی قیادت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آئے گا جو سماجی رویوں میں تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 75 فیصد پاکستانیوں نے سال 2026 کے لیے نئے اہداف اور قراردادیں ترتیب دی ہیں جبکہ گزشتہ سال 2025 کے لیے یہ شرح 50 فیصد تھی۔

سروے میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ گزشتہ سال قراردادیں بنانے والوں میں سے 60 فیصد افراد اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

یہ بھی پڑھیں : ہونڈا سی ڈی 100 پرائیڈر موٹر سائیکل ،2026ماڈل کی قیمت سامنے آگئی

سنہ 2026 کے لیے سب سے زیادہ ترجیح دیے جانے والے اہداف میں کیریئر (43 فیصد) اور مالی مقاصد (34 فیصد) سرفہرست ہیں۔

سروے کے مطابق 59 فیصد پاکستانیوں کو امید ہے کہ سال 2026 میں قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی بہتر ہوگی۔

دوسری جانب 58 فیصد افراد کا خیال ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان سنہ 2026 میں بھی جیل میں رہیں گے۔

Scroll to Top