ٹرمپ کی نگاہ گرین لینڈ پر، امریکی ٹیم نے ممکنہ ملٹری آپشنز پر غور شروع کر دیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی ٹیم نے گرین لینڈ حاصل کرنے کے مختلف آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے، جسے صدر نے اپنی نیشنل سکیورٹی ترجیح قرار دیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ اس علاقے کو حاصل کرنے کے لیے فوجی آپشن سمیت متعدد امکانات پر غور کر رہے ہیں۔

سینئر امریکی عہدیدار نے بتایا کہ ٹرمپ اپنے موجودہ دور حکومت میں گرین لینڈ حاصل کرنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کے لیے مختلف آپشنز پر کام جاری ہے۔

عہدیدار نے وضاحت کی کہ امریکی حکام ڈنمارک سے گرین لینڈ خریدنے یا جزیرے کے ساتھ آزادانہ وابستگی کا معاہدہ کرنے کے امکانات پر غور کر رہے ہیں۔

تاہم یہ معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا اور نیٹو لیڈرز کے اعتراضات کے باوجود صدر ٹرمپ اس سلسلے میں بےچین ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ملکی خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ دہشتگردی ہے، خرم دستگیر

تجزیہ کاروں کے مطابق گرین لینڈ میں معدنی وسائل، اسٹریٹجک محل وقوع اور شمالی قطب کے قریب موجود اہم فوجی مواقع کی وجہ سے امریکہ کی دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے۔

صدر ٹرمپ کی اس کوشش کو بین الاقوامی سطح پر مختلف ردعمل کا سامنا ہے، تاہم وائٹ ہاؤس نے واضح کیا ہے کہ یہ معاملہ امریکہ کے قومی مفاد میں ہے۔

یہ اقدام عالمی سیاست میں ایک نیا موڑ ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ گرین لینڈ کی ملکیت اور حکمرانی سے متعلق کسی بھی تبدیلی کے لیے بین الاقوامی قوانین اور ڈنمارک کی منظوری لازمی ہوگی۔

Scroll to Top