اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا ختم، ملاقات کے لیے امید بڑھ گئی

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر ان کی بہنوں اور پارٹی کارکنوں کی جانب سے منگل کے روز دیا گیا دھرنا پولیس کے ساتھ مذاکرات کے بعد ختم کر دیا گیا، جس میں یقین دہانی کرائی گئی کہ ملاقات اگلے ہفتے ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق ملاقات کے طے شدہ دن اڈیالہ جیل اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ دفعہ 144 نافذ تھی اور مختلف مقامات پر ناکے لگائے گئے تھے جبکہ پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خانم ملاقات کے لیے جیل پہنچیں، تاہم پولیس نے انہیں فیکٹری ناکے پر روک دیا اور آگے جانے کی اجازت نہیں دی۔ اس صورتحال پر علیمہ خانم اور پارٹی رہنماؤں و کارکنوں نے جیل کے قریب دھرنا دے دیا۔

دھرنے کے دوران تحریک انصاف کے کارکن بڑی تعداد میں موجود رہے اور نعرے بازی بھی کی گئی۔

رات گئے پولیس کے ساتھ مذاکرات کے لیے علامہ ناصر عباس محمود خان اچکزئی بھی ہمراہ تھے، اور مذاکرات میں پیش رفت کے بعد علیمہ خانم کی گاڑی منگوا لی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ کی نگاہ گرین لینڈ پر، امریکی ٹیم نے ممکنہ ملٹری آپشنز پر غور شروع کر دیا

اس کے بعد علیمہ خانم بہنوں اور کارکنوں کے ہمراہ پیدل گورکھپور چوک کی جانب روانہ ہو گئیں۔ پولیس نے واضح کیا کہ ملاقات کے حوالے سے یقین دہانی کرائی گئی ہے اور آئندہ ہفتے ملاقات ممکن ہوگی۔

پی ٹی آئی کارکنوں نے دھرنے کے دوران پرامن احتجاج کیا اور حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا، تاہم پولیس کے ساتھ مذاکرات کے بعد صورتحال پر قابو پا لیا گیا۔

Scroll to Top