گورنر خیبر پختونخوا نے عزم ظاہر کیا کہ زمیندار متحد ہو کر حکومتی پالیسیوں کے خلاف مضبوط آواز اٹھائیں گے
گورنر خیبر پختونخوا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ زمینداروں کی سفارشات ایوان صدر، وزیراعظم اور پارٹی قیادت تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اگر ان کی بات نہ مانی گئی تو وہ چترال سے لے کر ڈی آئی خان تک زمینداروں کے احتجاجی مظاہروں کا حصہ بنیں گے۔
گورنر نے کہا کہ وہ خود اسمبلی کے باہر احتجاجی دھرنے میں شریک ہوں گے اور زمینداروں کے ساتھ اپنا حق لے کر رہیں گے۔
گورنر نے مزید کہا کہ عید کے بعد احتجاج کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس میں چترال سے ڈی آئی خان تک کے تمام زمینداروں کی نمائندگی ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ زمیندار متحد ہو کر حکومتی پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کریں گے اور احتجاج کے دوران ان کی قیادت میں دھرنا دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں تعلیم یافتہ نوجوان ملک کے سفیر ہیں، آئی ایم سائنسز کے کانووکیشن سے گورنر خیبرپختونخوا کا خطاب
انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ پہلے اسلام آباد دھرنے کے لیے جاتے تھے مگر واپس پتلی گلی سے نکل جاتے تھے، لیکن اس بار وہ وعدہ کرتے ہیں کہ زمینداروں کا احتجاج پُرعزم اور مؤثر ہوگا۔ گورنر نے کہا کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات نہ سنے تو وہ اسمبلی کے باہر کھڑے ہو کر احتجاج کریں گے اور اپنا حق چھین کر لیں گے۔
گورنر نے مزید کہا کہ یہ احتجاج نہ صرف زمینداروں کے حقوق کے لیے ہوگا بلکہ یہ پورے خیبر پختونخوا کی ترقی اور انصاف کے لیے بھی ایک قدم ثابت ہوگا۔ زمینداروں کے مسائل کے حل تک وہ کسی بھی قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔