کینیڈا کی یونیورسٹی کا پاکستانی طلبہ کیلئے مکمل فنڈڈ سکالرشپس کا اعلان

کینیڈا کی لارنٹین یونیورسٹی نے ملکی و غیر ملکی طلبہ بالخصوص پاکستانی طلبہ کے لیے مختلف تعلیمی پروگرامز میں اسکالرشپس کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ اسکالرشپس انڈرگریجویٹ، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی سطح پر فراہم کی جائیں گی، جن کا مقصد باصلاحیت اور محنتی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع مہیا کرنا ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے لیے گریجویٹ ٹیچنگ اسسٹنٹ شپ اور مختلف فیلوشپس کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

ماسٹرز پروگرام کے طلبہ کو سالانہ 10 ہزار 34 کینیڈین ڈالر جبکہ پی ایچ ڈی طلبہ کو 14 ہزار 547 کینیڈین ڈالر تک کی مالی معاونت بطور اسسٹنٹ شپ دی جا سکے گی۔ ماسٹرز طلبہ کے لیے اسکالرشپ کی مدت دو سال جبکہ پی ایچ ڈی طلبہ کے لیے چار سال تک مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بینظیر تعلیمی وظائف،بچوں کی رجسٹریشن کا نیا طریقہ اور شرائط جاری

انڈرگریجویٹ طلبہ کے لیے اسکالرشپس کی مجموعی مالیت 60 ہزار کینیڈین ڈالر تک رکھی گئی ہے، جو سالانہ 15 ہزار کینیڈین ڈالر کے حساب سے دی جائیں گی اور تسلی بخش تعلیمی کارکردگی کی بنیاد پر قابلِ تجدید ہوں گی۔

اہلیت کے حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امیدواروں کو اپنے منتخب کردہ پروگرام کی تعلیمی اور فیکلٹی شرائط پر پورا اترنا ہوگا۔ انڈرگریجویٹ سطح کے امیدواروں کے لیے سابقہ تعلیمی ریکارڈ شاندار ہونا ضروری ہے، جبکہ ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے لیے متعلقہ شعبے میں بیچلر ڈگری کے ساتھ کم از کم 75 فیصد نمبر یا B+ گریڈ درکار ہوگا۔ بعض پروگرامز میں سپروائزر کی پیشگی منظوری کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق ان اسکالرشپس کے لیے آئی ایل ٹی ایس لازمی شرط نہیں ہے، تاہم زبان سے متعلق دیگر تقاضے منتخب پروگرام کے مطابق لاگو ہو سکتے ہیں۔ دنیا بھر کے ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ، بشمول پاکستان، ان اسکالرشپس کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔

اسکالرشپس کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔ درخواست دینے کے طریقہ کار کے مطابق خواہشمند طلبہ سب سے پہلے لارنٹین یونیورسٹی کے آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنے منتخب پروگرام میں داخلے کے لیے درخواست دیں گے۔ داخلے کی پیشکش قبول کرنے کے بعد ویزا کے لیے درخواست دی جا سکے گی۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق کامیاب امیدواروں کو اسکالرشپ سے متعلق مزید تفصیلات بذریعہ ای میل فراہم کی جائیں گی۔

Scroll to Top