خواجہ آصف کے بیان پر شفیع جان کا سخت ردعمل

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع جان نے وفاقی وزیر خواجہ آصف کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی جیسے سنگین قومی مسئلے پر سیاست کرنا نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں شفیع جان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف مسلسل بیان بازی دراصل جعلی وفاقی وزراء کی بوکھلاہٹ اور گھبراہٹ کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک قومی مسئلہ ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی دہشت گردی کے خلاف پالیسی پہلے دن سے واضح، دو ٹوک اور پوری قوم کے سامنے ہے۔

معاون خصوصی نے الزام عائد کیا کہ وفاق پر مسلط کرپٹ ٹولہ دہشت گردی اور شہداء کے جنازوں پر سیاست کو اپنا پرانا وطیرہ بنا چکا ہے اور اب اسی حساس معاملے کو اپنی مردہ سیاست میں جان ڈالنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، تاہم یہ عناصر ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ناکام ہوں گے کیونکہ قوم نے اصل مینڈیٹ بانی چیئرمین عمران خان کو دیا ہے۔

شفیع جان نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت دہشت گردی کے خاتمے اور قیامِ امن کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل ایک جامع امن جرگہ منعقد کیا گیا جس میں متفقہ طور پر 15 نکات کی منظوری دی گئی، جن پر اپوزیشن لیڈر سمیت تمام سیاسی قیادت کے دستخط موجود ہیں۔

انہوں نے خواجہ آصف کو مشورہ دیا کہ بیانات دینے سے قبل امن جرگے کے متفقہ نکات کا مطالعہ ضرور کریں۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں بہتر طرزِ حکمرانی اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے ٹھوس اور مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبائی حکومت گورننس کے میدان میں سب سے آگے ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا حکومت دہشتگردوں کی اتحادی بن چکی ہے، خواجہ آصف

شفیع جان کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کی ڈیجیٹل گورننس کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے، جبکہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت کرپشن میں سرفہرست ہے۔

انہوں نے خواجہ آصف پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے سندھ کے دورے پر خواجہ آصف کی تکلیف ان کے تنگ نظر اور غیر جمہوری رویے کا واضح ثبوت ہے۔

شفیع جان نے کہا کہ فارم 47 پر منتخب جعلی وزیر الزام تراشی چھوڑ کر اپنا فارم 45 قوم کے سامنے پیش کریں، کیونکہ فارم 47 والے وزراء عوام کو یہ یقین دلانے میں ناکام ہیں کہ وہ واقعی ان کے منتخب نمائندے ہیں۔

معاون خصوصی نے دعویٰ کیا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ خواجہ آصف ریحانہ ڈار سے الیکشن ہار چکے ہیں اور وہ ایک شکست خوردہ شخص ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے شخص کو الزام تراشی کی سیاست کے بجائے اپنی کارکردگی قوم کے سامنے پیش کرنی چاہیے۔

Scroll to Top