سرکاری حج اسکیم کے تحت عازمین حج سے دوسری قسط کی وصولی کا عمل آج سے شروع ہوگیا ہے، جس کے لیے وزارت مذہبی امور نے ادائیگی کی آخری تاریخ 20 اکتوبر مقرر کی ہے۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت حج کے لیے منتخب عازمین اپنی دوسری قسط 5 اکتوبر سے 20 اکتوبر تک جمع کراسکیں گے۔
عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی قسط کی ادائیگی مکمل کریں تاکہ حج سے متعلق آئندہ مراحل میں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ترجمان نے واضح کیا ہے کہ دوسری قسط جمع کرانے سے قبل میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا۔ متعلقہ عازمین کو اپنی طبی فٹنس کا سرٹیفکیٹ مقررہ نظام پر اپ لوڈ کرنے کے بعد ہی دوسری قسط جمع کرانے کا عمل مکمل کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : سہیل آفریدی کا لانگ مارچ اب خیبرپختونخوا میں ہی چکر کاٹتا نظر آئے گا، اختیار ولی
وزارت مذہبی امور کے مطابق مقررہ تاریخ تک دوسری قسط جمع نہ کرانے کی صورت میں متعلقہ عازم حج کی درخواست منسوخ تصور کی جائے گی۔ وزارت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت گزرنے کے بعد کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
درخواست منسوخ ہونے کی صورت میں عازم حج کی جانب سے پہلے سے جمع کرائے گئے واجبات متعلقہ اکاؤنٹ میں واپس کردیے جائیں گے۔
وزارت مذہبی امور نے سرکاری حج اسکیم کے تمام متعلقہ عازمین پر زور دیا ہے کہ وہ دوسری قسط کی ادائیگی اور میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ اپ لوڈ کرنے کا عمل مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں۔





