اسلام آباد: وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ سنجیدہ سیاسی بات چیت میں رکاوٹ صرف اور صرف پاکستان تحریک انصاف کے بانی ہیں، اور حکومت کا اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی سے کوئی تعلق نہیں۔
یہ کام طریقہ کار کے تحت ایاز صادق انجام دے رہے ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ بات چیت نہ ہونے کی بنیادی وجہ بانی پی ٹی آئی ہیں، جو اپنے مؤقف پر قائم رہ کر مذاکرات کے عمل کو روک رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ پارٹی کے رہنما اور اس کے بانی کے بیانات میں تضاد ہو، جو تصادم کا راستہ کھولتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے این ڈی یو کی ورکشاپ میں بھی پارٹی اراکین کی شرکت کو شرمناک قرار دیا، اور یہ رویہ مذاکرات کے عمل میں رکاوٹ ہے۔
بلال اظہر کیانی نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی صرف آگ اور زہر اگلتے ہیں اور آج تک ان کے منہ سے یہ نہیں نکلا کہ وہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔
وزیر مملکت نے بتایا کہ پہلے بھی مذاکرات کی پیشکش پر بانی پی ٹی آئی نے اپنی ٹیم کو پیچھے ہٹا لیا اور پی ٹی آئی مذاکرات سے پیچھے ہٹتی رہی ہے۔
انہوں نے جعفر ایکسپریس حملے اور پہلگام واقعے کے بعد پی ٹی آئی کو ایوان میں بیٹھنے کی دعوت دی گئی تھی، لیکن پارٹی شریک نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں : موٹروے پر سفر کرنے والے خبردار: موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیر اعظم نے حالیہ دنوں میں سی ایم کے پی کو بھی مذاکرات کی دعوت دی، لیکن وہ نہیں آئے۔
ان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاست نے پی ٹی آئی کی طرف ہاتھ بڑھانے میں کوئی کمی نہیں چھوڑی، مگر پی ٹی آئی نے اس موقع کو ٹھکرایا۔





