پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں دو دہائیوں کی بلند ترین تیزی، ہنڈرڈ انڈیکس 1,86,092 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
ہنڈرڈ انڈیکس میں 549 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور انڈیکس 1,86,092 پوائنٹس تک پہنچ گیا، گزشتہ روز مارکیٹ 185,543 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔
ماہرین کے مطابق یہ دو دہائیوں کی تاریخی کارکردگی پاکستان کی مستحکم معاشی بنیادوں اور سرمایہ کاری کے بہتر ماحول کا مظہر ہے۔
کے ایس ای 100 انڈیکس میں ڈالر کی بنیاد پر 161 فیصد اور روپے میں 190 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ عالمی سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے والی مارکیٹس میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئی۔
ایس آئی ایف سی کی مربوط سہولت کاری نے مارکیٹ کو مستحکم کیا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا، گزشتہ 18 ماہ میں 135,000 نئے سرمایہ کار شامل ہوئے، جس سے سرمایہ کاروں کی تعداد میں 41 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ 9 ماہ میں پاکستان سٹاک مارکیٹ کمپنیوں کے مالیاتی اعداد و شمار مستحکم رہے اور منافع میں تقریباً 14 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔
2026 میں 16 سے زائد نئی لسٹنگز متوقع ہیں، جس سے سرمایہ کاری میں شمولیت، لیکویڈیٹی اور مارکیٹ کی وسعت مزید بڑھے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں پھر بڑی کمی، فی تولہ کتنے روپے کا ہوگیا؟ جانئے
مشیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا کہ پاکستان کا میکرو اکنامک ماحول سرمایہ کاری کے لیے پرکشش اور قابل اعتماد بن چکا ہے جبکہ عالمی ریٹنگ ایجنسیز اور مالی شراکت داروں نے مثبت آؤٹ لک کا اعتراف کیا ہے۔
خرم شہزاد نے مزید کہا کہ ایس آئی ایف سی کی حکمت عملی نے پاکستان کو عالمی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ہب اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مرکز بنا دیا ہے اور سرمایہ کاری کا عمل مزید سادہ اور مربوط ہو گا۔





