وفاقی وزیر داخلہ نے پیشہ ور بھکاری مافیا اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس میں پیشہ ور بھکاری مافیا اور انسانی سمگلنگ کے خلاف کارروائیوں پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ایف آئی اے کے امیگریشن ونگ کی کارکردگی اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے جاری مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن میں ملوث مافیا کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی جاری رکھنے کے احکامات دیے اور کہا کہ پیشہ ور بھکاری مافیا اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور پاکستان کے نام پر کسی بھی قسم کا سمجھوتا یا حرف آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اجلاس میں وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو امیگریشن قوانین پر مؤثر عملدرآمد کی ہدایت دی اور ایئرپورٹس پر امیگریشن چیکنگ اور سفری دستاویزات کی سخت سکریننگ کو موثر بنانے پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: شبقدر میں بھکاریوں کی بھرمار، شہریوں کی زندگی اجیرن
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اور کراچی و لاہور زون کے ڈائریکٹرز بھی شریک ہوئے۔





