پشاور،پی ٹی آئی میں اختلافات، ایک اور عہدیدار نے استعفیٰ دیدیا

وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ کی پریس کانفرنس پر پی ٹی آئی کا ردعمل سامنے آ گیا

عطاء اللہ تارڑ کی پریس کانفرنس پر پی ٹی آئی کا زوردار ردعمل، حکومت اور وزراء پر شدید تنقید، دہشتگردی کے الزامات مسترد، مریم نواز کی قیادت پر سوالات اٹھا دیے گئے

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ کی پریس کانفرنس کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سخت ردعمل جاری کرتے ہوئے حکومت اور اس کے وزراء پر شدید تنقید کی ہے۔ پی ٹی آئی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فارم 47 کی بنیاد پر کھڑی حکومت کے وزراء کا خیبر پختونخوا کے عوام اور ان کی منتخب حکومت پر پے درپے حملے کرنا ان کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ تحریک انصاف دہشت گردی کی سہولت کاری کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتی ہے۔ پی ٹی آئی کے مطابق، عمران خان کی دور اندیش اور مربوط پالیسیوں کی وجہ سے ان کے دور حکومت میں دہشت گردی دم توڑ چکی تھی، لیکن موجودہ حکمرانوں کی غلط ترجیحات کے باعث گزشتہ 2 سے 3 سالوں میں دہشت گردی میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

پی ٹی آئی نے حکومت پر زور دیا کہ مظلومیت کا جھوٹا ناٹک کرنے سے پہلے مریم نواز کے حکم پر پی ٹی آئی کی خواتین کارکنوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا جواب دیا جائے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ عوام اب حقائق کو سمجھ چکے ہیں اور جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈہ عوامی غیظ و غضب کو نہیں روک سکتا۔

پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ ردعمل عوام کو واضح پیغام دینے کے لیے جاری کیا گیا ہے کہ پارٹی اپنی پالیسیوں اور کارکنوں کے تحفظ کے لیے ہر صورت تیار ہے، اور عوامی نمائندگی کے حق پر کسی قسم کے حملے برداشت نہیں کرے گی۔

Scroll to Top