حکومت نے عوام کو پیٹرولیم ریلیف دینے کا موقع خود روک دیا، مزمل اسلم

خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم لیوی میں پانچ روپے اضافے پر شدید ردعمل دیا ہے۔

مزمل اسلم نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کا موقع خود روک لیتی ہے جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متوقع پانچ روپے کمی بھی عمل میں نہیں آئی۔

مزمل اسلم نے مزید کہا کہ گیس سرکلر ڈیٹ کم کرنے کا عمل آج خاموشی سے مکمل ہو گیا اور ملک کی 27 فیصد آبادی تو گیس پائپ لائن سے مستفید ہے مگر پوری عوام پٹرول کی قیمت کے ذریعے اس کا بوجھ اٹھا رہی ہے۔

مشیر خزانہ کے پی کا کہنا ہے کہ یہ گیس سرکلر ڈیٹ ن لیگ کے 2015 کے ایل این جی معاہدوں سے متعلق ہے اور ن لیگ کی حکومت ان معاہدوں سے جان چھڑانے کی کوشش کر رہی ہے۔

مزمل اسلم نے کہا کہ حکومت ایل این جی کی کمپنیوں قطر اور ای این آئی سے 2027 تک 45 جہاز معطل کرے گی جس کے نتیجے میں عالمی مارکیٹ میں نقصان ہو گا اور یہ نقصان پانچ روپے فی لیٹر ٹیکس اور لیوی کی صورت میں عوام سے وصول کیا جائے گا۔

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلام نے کہا کہ ن لیگ کے اس ویژن کو داد دینی چاہیے، تاہم موجودہ حکومت کے اقدامات عوام پر اضافی بوجھ ڈال رہے ہیں۔

Scroll to Top