عمران خان ہٹے کٹے ہیں، ورزش کر رہے ہیں اور 24 گھنٹے ڈاکٹر کی سہولت ہے، طلال چودھری

وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان ہٹے کٹے ہیں، ورزش کر رہے ہیں اور 24 گھنٹے ڈاکٹر کی سہولت موجود ہے۔

عمران خان کی صحت اور جیل میں سہولیات کے بارے میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ وہ بالکل ہٹے کٹے ہیں، ورزش کر رہے ہیں، اچھا کھانا کھا رہے ہیں اور ڈاکٹر 24 گھنٹے موجود ہے، جیل حکام ان کی ملاقاتوں اور سہولیات کو قانون کے مطابق یقینی بنا رہے ہیں۔

نجی میڈیا ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف نے 28 فروری کو ملک گیر سٹریٹ موومنٹ کے دوران انتشار پھیلانے یا جلاؤ گھیراؤ کرنے کی کوشش کی تو حکومت 26 نومبر کے واقعات سے بھی زیادہ سخت کارروائی کرے گی۔

طلال چودھری نے کہا  کہ کوئی یہ سوچے بھی نہ کہ وہ ایسا کر سکتے ہیں، قانون کے مطابق احتجاج کیا جا سکتا ہے مگر نظام زندگی مفلوج کرنے کی کوشش ناقابل برداشت ہوگی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اگست 2023 سے پابند سلاسل بانی چئیرمین عمران خان کی ہدایت پر ملک میں سٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

نہوں نے یاد دلایا کہ نومبر 2024 میں اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ڈی چوک اور ارد گرد کے علاقوں میں پولیس سے جھڑپیں کی تھیں، جس کے بعد دونوں جانب ہلاکتیں ہوئیں۔

طلال چودھری نے مزید کہا کہ اگر خیبرپختونخوا میں دہشت گردی یا دیگر مسائل کے باعث ضرورت پڑی تو گورنر راج کا آئینی اختیار موجود ہے لیکن حکومت اس کا سیاسی مقصد کے لیے استعمال نہیں کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کو اقتدار میں لانے والے عناصر دوبارہ اپنے مقاصد چاہتے ہیں، خواجہ آصف

 انہوں نے صوبائی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی، صحت اور تعلیم جیسے سنگین مسائل پر غفلت برتی جا رہی ہے۔

پی ٹی آئی پر پابندی اور عمران خان کے بیانیے کے بارے میں طلال چودھری نے کہا 26 نومبر، 9 مئی اور دیگر واقعات کے بعد پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والا بیانیہ انتہائی نامناسب اور دل دکھانے والا ہے۔ ایک سیاسی جماعت کو یہ زیب نہیں دیتا۔

Scroll to Top