محمد عباس
باجوڑ : باجوڑ میں جماعت اسلامی کے نائب امیر اور سابقہ صوبائی اسمبلی امیدوار مولانا وحید گل کے گھر کے باہر بم دھماکہ ہوا۔
خوش قسمتی سے اس دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم دھماکے سے مولانا وحید گل کے گھر اور گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔
دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مقامی پولیس کی نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں آئِی ای ڈی (IED) استعمال کیا گیا تھا۔ ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق نے میڈیا کو بتایا کہ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
مولانا وحید گل نے اس موقع پر کہا کہ وہ خوش ہیں کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی جلد تحقیقات کر رہے ہیں۔
پولیس نے علاقے کے رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور مشتبہ افراد کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔
دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے میں چوکیوں کا جال بچھا دیا ہے اور شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ،وفاقی وزیر مملکت مبارک زیب کے گھر پر دستی بم سے حملہ
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیرمملکت مبارک زیب خان کے باجوڑ میں واقع گھر پر نامعلوم افراد کی جانب سے دستی بم سے حملہ کیا گیا تھا۔
حملے میں دستی بم پھٹنے سے گھر کے باہر کھڑی گاڑی کو شدید نقصان پہنچاتاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی باجوڑ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ وقاص رفیق کے مطابق حملے کی تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
واضح ر ہے کہ مبارک زیب خان کے گھر پر باجوڑ میں یہ تیسرا حملہ ہے۔





