اسلام آباد : سپارکو کے ترجمان نے بتایا ہے کہ شعبان 1447 ہجری کا نیا چاند 19 جنوری 2026 کو رات 12 بج کر 52 منٹ پر پیدا ہوگا۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ 19 جنوری کی شام چاند کی رویت کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
انہوں نے امکان ظاہر کیا ہے کہ یکم شعبان متوقع طور پر 21 جنوری 2026 کو ہوگی، تاہم حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
ترجمان نے عوام کو ہدایت کی کہ وہ اسلامی کیلنڈر اور رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق ہی عبادات اور مذہبی امور کو ترتیب دیں۔
سپارکو کی جانب سے یہ اطلاع وقت پر دی گئی تاکہ عوام اور مختلف ادارے یکم شعبان کی تیاری کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : رمضان المبارک کا آغاز کب سے ہوگا؟ متوقع تاریخ سامنے آ گئی
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کیے گئے فلکیاتی حسابات کے مطابق رمضان المبارک 2026 کا آغاز ممکنہ طور پر 19 فروری سے ہوگا۔ تاہم حتمی آغاز سعودی عرب میں 29 شعبان کو چاند دیکھنے کے بعد طے کیا جائے گا۔
مصر کے نیشنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف ایسٹرانومی اینڈ جیو فزکس کے مطابق رجب 1447 ہجری کا آغاز 21 دسمبر 2025 سے ہوگا۔
ادارے کے سربراہ ڈاکٹر طہ رباہ نے بتایا کہ رجب کا نیا چاند 20 دسمبر کی صبح قاہرہ کے وقت کے مطابق 3 بج کر 45 منٹ پر پیدا ہوگا اور اسی دن دیکھے جانے کے امکانات موجود ہیں۔
ڈاکٹر طہ رباہ کے مطابق مکہ مکرمہ میں نیا چاند سورج غروب ہونے کے بعد تقریباً 14 منٹ تک دیکھا جا سکے گا، جبکہ قاہرہ میں یہ 10 منٹ تک نظر آئے گا۔
عرب اور دیگر اسلامی ممالک میں چاند دیکھنے کے امکانات 1 سے 26 منٹ کے درمیان متوقع ہیں، جبکہ ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں چاند سورج کے ساتھ ہی غروب ہو جائے گا۔





