پاکستانی شہری خبردار: امریکہ نے امیگرنٹ ویزا سروس سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا

اسلام آباد : امریکی سفارت خانے نے اعلان کیا ہے کہ 21 جنوری سے پاکستان سمیت دیگر ممالک کے درخواست دہندگان کے لیے امیگرنٹ ویزا سروس معطل کر دی گئی ہے۔

اس اقدام کا مقصد امریکی عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا اور ویزا درخواست گزاروں کی مکمل چھان بین کرنا ہے۔

سفارت خانے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے امیگرنٹ ویزا سروس معطل کرنے کا فیصلہ نافذ کر دیا ہے۔

اس سروس کی معطلی تب تک برقرار رہے گی جب تک کہ امریکا یہ تصدیق نہ کر لے کہ نئے امیگریشن درخواست دہندگان چھان بین کے مکمل عمل سے گزر چکے ہیں اور امریکی امیگرنٹ ویزا کے لیے اہل ہیں۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ اس عمل میں یہ بھی یقینی بنایا جائے گا کہ درخواست دہندگان امریکا آکر امریکی سرکاری مالی معاونت پر انحصار نہ کریں۔

امریکی سفارت خانے نے واضح کیا کہ یہ اقدام صرف امیگرنٹ ویزا کے لیے ہے، جبکہ نان امیگرنٹ ویزا کی درخواستوں پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

سیاحوں، طالب علموں، کھلاڑیوں، ہنر مند افرادی قوت اور ان کے اہل خانہ کے لیے ویزا جاری رہیں گے۔

سفارت خانے نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ ویزا درخواست دینے سے قبل تمام ضروری معلومات اور دستاویزات کی تیاری مکمل رکھیں اور مستقبل میں ممکنہ اپ ڈیٹس کے لیے امریکی سفارت خانے کے اعلانات پر نظر رکھیں۔

یہ بھی پڑھیں : ورک ویزا پر سعودی عرب جانے والے پاکستانیوں کے لیے اہم خبر

جبکہ دوسری جانب پاکستان نے سعودی عرب کی کمپنی تکامول کے ساتھ اسکل ویریفکیشن پروگرام (ایس وی پی) کے نفاذ کے لیے باقاعدہ معاہدہ کر لیا ہے جبکہ مملکت کی جانب سے یہ پروگرام یکم جولائی سے متعارف کرایا جا چکا ہے۔

اس پروگرام کے تحت سعودی عرب میں کام کرنے کے خواہشمند ہنرمند افراد، جن میں پاکستان سمیت دیگر ایشیائی ممالک کے شہری بھی شامل ہیں کو اپنی مہارت کی تصدیق تکامول کے ذریعے کروانا ہوگی۔ سعودی عرب میں ملازمت حاصل کرنے کے لیے یہ اسکل ویریفکیشن لازمی شرط قرار دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان سے سعودی عرب جانے کے خواہشمند امیدواروں کو تکامول کے تحت ایس وی پی ٹیسٹ پاس کرنا ہوگا۔ اس ٹیسٹ کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کارکن مختلف پیشوں کے لیے مقررہ معیار پر پورا اترتے ہوں۔

نیشنل ووکیشنل ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (این وی ٹی ٹی سی) اس پروگرام کے نفاذ میں شامل مختلف اسٹیک ہولڈرز کی معاونت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

Scroll to Top