کامران علی شاہ
اپر کوہستان کرپشن سکینڈل میں مبینہ ملوث جے یو آئی کے رہنما اور نجی کمپنی کے مالک امیر زیب داسو کو احتساب عدالت نے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔
اس موقع پر نیب کے سپیشل پراسیکیوٹر حضر حیات خان اور تفتیشی افسر بھی عدالت میں موجود تھے۔
نیب نےعدالت سے استدعا کی کہ ملزم سے مزید تفتیش کی ضرورت ہے کیونکہ اس کے نام پر نجی انٹرپرائز کمپنی کے ذریعے سکینڈل میں ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔
نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے نام پر نیشنل بینک اور عسکری بینک داسو برانچ میں اکاؤنٹس ہیں جن میں 357.299 ملین روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئی ہیں۔
تفتیشی افسرنے بتایاکہ نیب اس سکینڈل کی تحقیقات کر رہی ہے اور ملزم سے تفصیلی تفتیش کرنا چاہتی ہے۔
احتساب عدالت کے جج امجد ضیاء صدیقی نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔





