اسلام آباد: پاکستان میں شعبان المعظم کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے باعث یکم شعبان المعظم 21 جنوری بروز بدھ کو ہوگی۔ اس کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا گیا۔
شعبان المعظم کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا محمد عبد الخبیر آزاد نے کی۔
اجلاس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں اور سائنسی رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں بھی منعقد ہوئے، جن میں وزارت مذہبی امور، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، سپارکو اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔
تمام زونز سے موصول ہونے والی اطلاعات مرکزی کمیٹی کو ارسال کی گئیں۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق ملک کے کسی بھی حصے سے شعبان المعظم کے چاند کی مستند شہادت موصول نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں : برفباری کے بعد اپر سوات میں سخت حفاظتی اقدامات، 300 سے زائد گاڑیاں واپس
تمام شواہد اور رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد متفقہ طور پر اعلان کیا گیا کہ پاکستان میں شعبان المعظم کا چاند نظر نہیں آیا، اس لیے شعبان المعظم کا پہلا روز 21 جنوری بروز بدھ کو ہوگا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری اعلان پر عمل کریں اور مذہبی معاملات میں اتحاد و یکجہتی کو برقرار رکھیں۔





