پاکستان اقتصادی استحکام کی راہ پر گامزن ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل دور سے نکل چکا ہے اور اب معیشت استحکام کی سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔

سوئٹزرلینڈ کے شہرڈیووس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو برآمدات پر مبنی ترقی کو فروغ دینا ہوگاجبکہ ملکی نظام میں بنیادی نوعیت کی اصلاحات متعارف کرائی جا چکی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی شعبے کی برآمدات میں اضافے کے لیے تیزی سے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور نوجوانوں کو ہنرمند بنانے اور تربیت فراہم کرنے کے لیے مختلف پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔ نیوٹیک کے تحت نوجوانوں کو عالمی معیار کے سرٹیفکیٹس کے ساتھ تربیت دی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی آ چکی ہے جو 22.5 فیصد سے کم ہو کر 10.5 فیصد تک آ گیا ہے جبکہ گزشتہ برس زرعی برآمدات کے نتائج حوصلہ افزا رہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کا عمل جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان نےغزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کی ٹرمپ دعوت قبول کرلی،دفتر خارجہ

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان خلیجی ممالک اور دنیا کے دیگر خطوں میں روزگار کے مواقع حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں، جبکہ علم اور ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان زراعت، صنعت، معدنیات، مصنوعی ذہانت اور آئی ٹی کے شعبوں میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے، جبکہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل شفافیت کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے۔

Scroll to Top