وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 46واں اجلاس جمعرات کے روز پشاور میں منعقد ہوا جس میں کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز، انتظامی سیکرٹریز اور ایڈووکیٹ جنرل نے شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات وتعلقات عامہ شفیع جان نے کابینہ کے اہم فیصلوں سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے عوامی فلاح و بہبود کے تحت متعدد اہم فیصلے کئے جن میں سکولوں میں مصنوعی ذہانت کی تعلیم متعارف کرنے، نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ، جوڈیشیل انفراسٹرکچر کی بہتر ی، جیل اصلاحات، قانون سازی اور ترقیاتی سکیموں و ریلیف کے لئے فنڈ کی منظوری شامل ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ ا جلاس میں جیلوں میں سہولیات کی فراہمی اور سکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے2684 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان کے مطابق اس رقم سے مختلف جیلوں میں بنیادی سہولیات کی کمی کو پورا کیا جائے گا اور جدید سکیورٹی آلات کی خریداری عمل میں لائی جائے گی۔کابینہ نے خیبر پختونخوا ایجوکیشن ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوایشن ایجنسی بل 2025 اور خیبر پختونخوا منرلز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی بل 2025 کی منظوری دے دی۔ خیبر پختونخوا منرلز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی بل صوبے میں قائم منرلز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کو باضابطہ قانونی فریم ورک فراہم کرے گا۔
معاون خصوصی کے مطابق اجلاس میں اطفال اکیڈمی وانا میں سائنس اور کمپیوٹر لیب کی تعمیر اور مالی معاونت کے لیے 32 ملین روپے کی گرانٹ اِن ایڈ کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح 35ویں نیشنل گیمز میں تمغے حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے 28 ملین روپے کے نقد انعامات کی منظوری بھی دی گئی۔
کابینہ نے ضلع کرک میں جوان مرکز کے قیام کے لیے محکمہ کھیل کو سرکاری اراضی کی منتقلی کی منظوری دی، جبکہ ڈی آئی خان میں ہندو اور سکھ برادری کے لیے شمشان گھاٹ کے قیام کے لیے اراضی فراہم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں اگست 2025 کے سیلاب متاثرین کے لیے 1136 ملین روپے کے امدادی فنڈ کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح ضم اضلاع میں محکمہ پاپولیشن کے آٹھ موبائل سروس یونٹس کے لیے گاڑیوں کی فراہمی اور ریجنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ساؤتھ کے لیے بس کی خریداری کی بھی منظوری دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے فاٹا یونیورسٹی پراجیکٹ کے تحت 2500 ملین روپے کی لاگت سے مائنز اینڈ منرلز ویلیو ایڈیشن حب کے قیام کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ ضم اضلاع کے طلبہ کے لیے خیبر پختونخوا ایجوکیشن فاؤنڈیشن سکالرشپ اینڈوومنٹ فنڈ کے تحت 300 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔
شفیع جان کے مطابق اجلاس میں کوہاٹ میں نادرا دفتر کے قیام کے لیے دو کنال اراضی کی فراہمی اور کوہاٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی اسکیم کی لاگت میں اضافے کی منظوری بھی دی گئی۔صوبائی کابینہ نے جوڈیشل انفراسٹرکچر کے منصوبوں کے لیے 298 ملین روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔ اس کے ساتھ ساتھ سکولوں میں کمپیوٹر سائنس کے نصاب میں مصنوعی ذہانت کو شامل کر تے ہوئے گریڈ 6 سے 12 کے طلبہ کے لئے مصنوعی ذہانت سے متعلق اسباق شامل کرنے کی منظوری دی۔
اجلاس میں نیویارک اور پشاور کو سسٹر سٹیز قرار دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت کے مسودے کی منظوری بھی دی گئی۔
معاون خصوصی کے مطابق اس اقدام سے ثقافتی، تجارتی، معاشی، تعلیمی اور گورننس اصلاحات میں باہمی تعاون کو فروغ ملے گا۔
کابینہ نے پشاور میں دو نئے قبرستانوں کے لیے مجموعی طور پر 198 کنال اراضی کی فراہمی کی بھی منظوری دی۔





