تیراہ میں پھنسے متاثرین سے متعلق شفیع جان کا بڑا بیان سامنے آ گیا

شاہد جان
خیبر: وادی تیراہ میں جاری شدید برفباری کے باعث متعدد علاقے متاثر ہوئے ہیں اور کئی افراد برف میں پھنس گئے ہیں، جس کے پیش نظر صوبائی حکومت نے فوری طور پر ہنگامی ریسکیو آپریشنز کا آغاز کیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ تیراہ میں پھنسے ہوئے افراد کی مدد کے لیے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ریسکیو کارروائیوں میں مختلف اضلاع کے ریسکیو اہلکار، ضلعی انتظامیہ کے اہلکار اور دیگر متعلقہ محکموں کے اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔

تیراہ میں زبردستی انخلاء کے بعد مقامی لوگوں کو شدید برفباری کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

متاثرہ افراد کو ریسکیو کرنے کے لیے تمام دستیاب صوبائی وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سہیل خود تیراہ میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ ہر متاثرہ شخص تک بروقت مدد پہنچائی جا سکے۔

ذرائع کے مطابق شدید برفباری کے باعث کئی مقامات پر لوگ پھنسے ہوئے ہیں اور ضلعی انتظامیہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں برفباری اور بارش،تیراہ روڈ کھولنے کیلئے امدادی ٹیمیں روانہ،پی ڈی ایم اے

متعدد متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات اور عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ وہ برفباری کے شدید اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔

سگنلز اور راستے بند ہونے کی وجہ سے کچھ علاقوں سے رابطہ ممکن نہیں ہے، تاہم ریسکیو آپریشن جاری ہے اور تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ آخری فرد تک پہنچنے تک ریسکیو جاری رکھیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں اپنے لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top