مری: مری میں 31 گھنٹے طویل برفانی طوفان کے بعد زندگی معمول پر آ گئی ہے اور سیاح و مقامی افراد محفوظ ماحول میں سفر کر رہے ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مری ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ طوفان کے دوران بعض علاقوں میں برفباری پانچ فٹ تک ریکارڈ کی گئی، تاہم ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مری کی تمام بند شاہراہیں اب کھول دی گئی ہیں اور ٹریفک رواں ہے۔
ڈاکٹر رضا تنویر نے مزید کہا کہ سیاحوں کی بڑی تعداد مری پہنچ چکی ہے اور وہ خوشگوار موسم کا بھرپور لطف اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب پولیس اور مری پولیس سیاحوں کی حفاظت اور رہنمائی کے لیے ہر وقت الرٹ ہیں۔
پولیس اہلکار شاہراہوں پر موجود ہیں تاکہ کسی بھی حادثے یا غیر معمولی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : برف نے زندگی منجمد کر دی !بالائی علاقوں میں برفباری، راستے بند، پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری
ڈاکٹر رضا تنویر نے سیاحوں سے درخواست کی کہ وہ بلا خوف مری آئیں، موسم سے لطف اٹھائیں اور حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ مری میں ریسکیو اور سکیورٹی کی تمام سہولیات فعال ہیں، اور کسی بھی شہری یا سیاح کو مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
مری انتظامیہ اور پولیس کی بروقت کارروائی کی بدولت مقامی لوگ اور سیاح پرسکون اور محفوظ ماحول میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔





