پاکستان نے غزہ کے لیے کیا بڑا قدم اٹھایا؟ وزیراعظم نے وضاحت کر دی

لندن: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے غزہ پیس بورڈ میں اس امید کے ساتھ شمولیت اختیار کی ہے کہ غزہ میں امن قائم ہوگا اور فلسطینی عوام کو عزت و وقار کے ساتھ ان کے حقوق ملیں گے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان کو غزہ پیس بورڈ میں شمولیت کی دعوت موصول ہوئی تھی، جس پر وفاقی کابینہ نے شمولیت کا اختیار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس پیس بورڈ میں شامل ہوا تاکہ امن کے قیام کے لیے مثبت کردار ادا کیا جا سکے اور غزہ کی تعمیر نو کے عمل میں مدد فراہم ہو۔

شہباز شریف نے کہا کہ ڈیووس کا دورہ بہت مثبت رہا اور اس موقع پر انہوں نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جنگ رکوانے کے اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم کے مطابق جنگ رکنے کی وجہ سے جنوبی ایشیا کے لاکھوں افراد کی زندگیوں کو خطرے سے بچایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : غزہ امن بورڈ میں شمولیت، پاکستان نے فلسطینیوں کے حق کا دفاع کیا، طلال چوہدری

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کی غزہ پیس بورڈ میں شمولیت کا مقصد صرف امن کے قیام کی حمایت ہے اور یہ عالمی برادری کے ساتھ تعاون کی ترجمانی کرتا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ فلسطینی عوام جلد اپنے حقوق حاصل کریں گے اور غزہ میں انسانی ہمدردی اور ترقی کے اقدامات کو فروغ ملے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی سطح پر امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور غزہ میں جاری صورتحال کے حل کے لیے پرعزم ہے۔

Scroll to Top