غزہ امن بورڈ میں شمولیت، پاکستان نے فلسطینیوں کے حق کا دفاع کیا، طلال چوہدری

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم فلسطینی عوام کے مؤقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور فلسطین میں پائیدار امن کے قیام کے لیے عالمی سطح پر مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ امن بورڈ میں شمولیت سے پاکستان نے فلسطینیوں کے مؤقف کا حق ادا کیا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ فلسطینی عوام اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ اسرائیلی جارحیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے بلکہ عالمی برادری میں بھی اس مسئلے پر ایک مضبوط آواز کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

وزیر مملکت داخلہ نے بتایا کہ غزہ میں جاری صورتحال کے پیش نظر کئی اسلامی ممالک نے ڈونلڈ ٹرمپ کے پیش کردہ امن بورڈ میں شمولیت اختیار کی ہے، جس کا مقصد خطے میں جنگ بندی اور امن کے امکانات کو آگے بڑھانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لیے سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، جبکہ عالمی سطح پر امن کی کوششوں میں فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف نے’’ غزہ بورڈ آف پیس ‘‘کے مسودے پر دستخط کر دیے

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا کہ وزیراعظم وطن واپسی پر غزہ امن بورڈ میں پاکستان کی شمولیت کے حوالے سے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ فلسطینی عوام نے شدید مظالم برداشت کر کے اپنا وجود برقرار رکھا، ان پر بارود برسایا گیا، اور 8 اسلامی ممالک نے جنگ بندی کے لیے کوشش کی، جس میں پاکستان بھی شامل تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس میں شامل ہونا چاہیے تھا۔

Scroll to Top