خیبر پختونخوا میں گورنر راج ناممکن ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا دوٹوک اعلان

خیبر پختونخوا میں گورنر راج ناممکن ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا دوٹوک اعلان

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے میں گورنر راج کے امکان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کسی صورت نافذ نہیں ہو سکتا۔

مینگورہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے ووٹ بانیٔ پی ٹی آئی کو دیا ہے اور عوامی مینڈیٹ کے خلاف کوئی فیصلہ قابلِ قبول نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی بات ہوگی، وہ ثبوت اور آئینی حدود کے اندر ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں مذاکرات اور احتجاج کے معاملات کا اختیار محمود خان اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کو دیا گیا ہے تاکہ معاملات کو سیاسی اور جمہوری طریقے سے آگے بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں جمہوریت اور عوامی رائے کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔

سہیل آفریدی نے تیراہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد تیراہ کے عوام کے ساتھ جرگہ کریں گے اور خود وہاں جا کر لوگوں کے مسائل سنیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کے مسائل کے حل اور امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

ریلی سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان نے ہمیشہ مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی عوامی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کسی غیر جمہوری اقدام کی اجازت نہیں دی جائے گی اور صوبے کا مستقبل عوامی فیصلوں سے ہی طے ہوگا۔

Scroll to Top