ایبٹ آباد: متوقع بارش اور برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے گلیات میں سیاحوں کے داخلے پر چار روز کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔
یہ فیصلہ خراب موسمی حالات کے باعث ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق موجودہ موسم سیاحوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، اسی لیے عوام اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بدھ تک گلیات کا رخ نہ کریں۔
حکام کا کہنا ہے کہ موسم بہتر ہوتے ہی سیاحوں کو دوبارہ علاقے میں داخلے کی اجازت دے دی جائے گی۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ اس سلسلے میں پولیس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ مختلف چیک پوسٹس پر سیاحوں کو روکا جائے اور انہیں واپس جانے کا کہا جائے۔
پولیس حکام کے مطابق پابندی کے دوران کسی بھی سیاح کو گلیات کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں موسم کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور بارش کے ساتھ برفباری کے امکانات بھی موجود ہیں، جس کے باعث سڑکوں پر پھسلن، لینڈ سلائیڈنگ اور ٹریفک کی مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ای اسٹامپ پیپر کی قیمتوں کے متعلق حکومت کا فیصلہ جاری
ایسے حالات میں سیاحوں کی جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
حکام نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کے فیصلے کا احترام کریں، تعاون کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
مزید کہا گیا ہے کہ موسمی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور حالات معمول پر آتے ہی پابندی ختم کرنے سے متعلق آگاہ کر دیا جائے گا۔





