کم پیسوں میں بڑی ڈیل، 2026 کی ٹاپ 7 سستی گاڑیاں

سال 2026 کے آغاز کے ساتھ ہی پاکستان کی آٹو موبائل مارکیٹ میں نمایاں تبدیلیاں سامنے آ رہی ہیں۔

سوزوکی ویگن آر اور طویل عرصے سے مقبول رہنے والی کیری ڈبہ (بولان) کی باضابطہ بندش کے بعد کم بجٹ میں گاڑی خریدنے والے صارفین اب نئی جنریشن کی انٹری لیول گاڑیوں کی جانب تیزی سے متوجہ ہو رہے ہیں۔

آٹو ماہرین کے مطابق مہنگائی اور گاڑیوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود سوزوکی آلٹو بدستور پاکستان کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی ہے۔

660 سی سی انجن، بہتر فیول ایوریج اور مضبوط ری سیل ویلیو کی بدولت آلٹو کو ایک محفوظ سرمایہ کاری بھی تصور کیا جاتا ہے۔

سال 2026 میں سوزوکی آلٹو کی قیمت مختلف ویریئنٹس کے لحاظ سے تقریباً 23.3 لاکھ روپے سے 30.5 لاکھ روپے تک پہنچ چکی ہے، تاہم متوسط طبقے کے لیے یہ اب بھی پہلی ترجیح سمجھی جاتی ہے۔

دوسری جانب سوزوکی ایوری نے عملی طور پر بولان کی جگہ لے لی ہے۔ جدید ای ایف آئی انجن، بہتر سسپنشن، مؤثر ایئر کنڈیشننگ اور اضافی حفاظتی فیچرز کی بدولت یہ گاڑی بڑے خاندانوں اور کمرشل استعمال کے لیے تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔

وسیع کیبن اور بہتر ڈرائیونگ کمفرٹ کے باعث ایوری اپنے سیکشن میں نمایاں مقام حاصل کر چکی ہے، جبکہ اس کی قیمت 27.5 سے 28 لاکھ روپے کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔

جاپانی امپورٹ گاڑیوں میں ڈائی ہاٹسو میرا اور نسان ڈیز خریداروں کی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔

ڈائی ہاٹسو میرا کم ایندھن خرچ، آرام دہ ڈرائیو اور جدید فیچرز کی وجہ سے پسند کی جاتی ہے، تاہم اس کے اسپیئر پارٹس کی قیمتیں نسبتاً زیادہ ہیں۔

نسان ڈیز کو 660 سی سی کی کیٹیگری میں ایک لگژری آپشن کے طور پر دیکھا جاتا ہے، لیکن اس کی قیمت اور مینٹیننس لاگت زیادہ ہونے کے باعث یہ ہر بجٹ کے خریدار کے لیے موزوں نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : گاڑیوں کے شوق رکھنے والوں کے لیے HAVAL کی بڑی خوشخبری

سوزوکی کلٹس اب بھی 1000 سی سی کی مقبول ہیچ بیک گاڑی ہے، تاہم 2026 میں اس کی قیمت 40 لاکھ روپے سے تجاوز کر جانے کے بعد یہ کم بجٹ گاڑیوں کی فہرست میں پیچھے چلی گئی ہے۔

استعمال شدہ گاڑیوں کی مارکیٹ میں ویگن آر اور ٹویوٹا وِٹس اب بھی دستیاب ہیں، جو نسبتاً کم بجٹ میں قدرے بڑی اور بہتر سہولیات والی گاڑی کے خواہشمند افراد کے لیے مناسب انتخاب سمجھی جاتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر مقصد محفوظ سرمایہ کاری اور کم خرچ گاڑی ہو تو سوزوکی آلٹو بہترین انتخاب ہے، زیادہ گنجائش اور فیملی استعمال کے لیے سوزوکی ایوری موزوں ہے، جبکہ آرام، جدید ٹیکنالوجی اور ڈرائیونگ کمفرٹ کے شوقین افراد کے لیے جاپانی امپورٹ گاڑیاں بہتر آپشن ثابت ہو سکتی ہیں۔

Scroll to Top