پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا پہلا مقابلہ آج لاہور میں کھیلا جائے گا، جس کے ساتھ ہی شائقین کرکٹ کا طویل انتظار ختم ہو رہا ہے۔ میچ شام 4 بجے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں آغاز ہوگا، جو مکمل طور پر اس سنسنی خیز مقابلے کے لیے تیار ہے۔
آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق، پہلے ٹی 20 میچ میں اسٹار بلے باز ٹریوس ہیڈ کے آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کرنے کا قوی امکان ہے، جبکہ مستقل کپتان مچل مارش اور وکٹ کیپر بلے باز جوش انگلس کو ابتدائی میچ میں آرام دیا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ دونوں کھلاڑیوں نے حال ہی میں بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کا فائنل کھیلا تھا، جس کے باعث ٹیم مینجمنٹ ان کی فٹنس کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں میچ سے استثنیٰ دے رہی ہے۔
سیریز کے کمنٹری پینل کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کی نمائندگی سابق ٹیسٹ کرکٹر سائمن کیٹچ کریں گے، جبکہ پاکستان کی جانب سے سابق قومی کرکٹرز عامر سہیل، رمیز راجا، باذید خان اور عروج ممتاز شامل ہیں۔ معروف اسپورٹس اینکر زینب عباس سیریز کے دوران پریزنٹر کے فرائض انجام دیں گی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی 20 میچ 31 جنوری اور تیسرا و آخری میچ یکم فروری کو کھیلا جائے گا۔ سیریز کے تمام میچز شام 4 بجے شروع ہوں گے، اور شائقین کو ایک سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کی توقع ہے۔
یہ سیریز نہ صرف دونوں ٹیموں کے لیے اہم ہے بلکہ شائقین کے لیے بھی کرکٹ کے بھرپور ایکشن اور تفریح کا باعث بنے گی۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں آج ہونے والا پہلا ٹی 20 میچ شائقین کے لیے کرکٹ کے جوش و خروش کا تہلکہ ثابت ہوگا۔





