پاکستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دے کر سیریز کا شاندار آغاز کر دیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے ملنے والے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز ہی بنا سکی۔
مہمان ٹیم کی جانب سے کیمرون گرین نے 36 جبکہ زیویئر بارٹلیٹ نے 34 رنز اسکور کیے۔ کپتان ٹریوس ہیڈ نے 13 گیندوں پر 23 رنز بنائے جبکہ میتھیو شارٹ صرف 5 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
پاکستانی بولرز نے منظم کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ صائم ایوب اور ابرار احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان اور محمد نواز کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے تھے۔ اوپنر صائم ایوب نے 40 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ کپتان سلمان علی آغا نے 39 رنز بنا کر ٹیم کو مستحکم بنیاد فراہم کی۔
بابر اعظم 20 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ فخر زمان 16 گیندوں پر صرف 10 رنز ہی بنا سکے۔ وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان نے 18 اور محمد نواز نے 15 رنز اسکور کیے۔ شاداب خان ایک رن بنا سکے جبکہ صاحبزادہ فرحان کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 24 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ زیویئر بارٹلیٹ اور بیئرڈ مین نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
میچ سے قبل ٹاس کے موقع پر قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم مضبوط ہے اور کوشش ہوگی کہ اچھی کرکٹ کھیلی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اس میچ میں دو فاسٹ بولرز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب آسٹریلوی کپتان ٹریوس ہیڈ نے کہا کہ ٹیم میں تین نئے کھلاڑیوں کو ڈیبیو کا موقع دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سیریز ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے اہم ہے کیونکہ سری لنکا میں بھی اسی نوعیت کی کنڈیشنز متوقع ہیں۔





