پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ڈپٹی آڈیٹر جنرل (نارتھ) ساجد علی ندیم نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔
جس میں ڈائریکٹر جنرل پروونشل آڈٹس سراج الحق اور ڈائریکٹر جنرل ڈسٹرکٹس شاہ رحمان بھی شریک تھے۔
ملاقات میں ڈپٹی آڈیٹر جنرل نے گورنر خیبرپختونخوا کو صوبائی آڈٹس رپورٹ اور ڈسٹرکٹ آڈٹس رپورٹ 25-2024 پیش کیں۔
ان رپورٹس میں مختلف صوبائی محکموں کے مالیاتی اخراجات، ان کے شفافیت کے عمل اور طریقہ کار کی درستگی کا جائزہ لیا گیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مالیاتی امور میں نظم و ضبط اور قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی ضروری ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبائی حکومت کو آڈٹ رپورٹس میں دی گئی سفارشات اور اعتراضات پر عملدرآمد یقینی بنانا چاہیے تاکہ شفافیت کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی اقدامات میں شفافیت کے لیے آڈٹ اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا اور تمام شعبوں میں گڈ گورننس کو یقینی بنانے کے لیے مالیاتی معاملات میں شفافیت بنیادی شرط ہے۔