وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں انٹر سٹی بسوں کے کرایوں میں جزوی کمی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔
کراچی سے مختلف شہروں کو جانے والی بعض بسوں کے کرایوں میں 100 سے 500 روپے تک جبکہ پشاور میں اندرونِ صوبہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد تک کمی کی گئی ہے تاہم بڑی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی جانب سے تاحال پرانے کرائے وصول کیے جا رہے ہیں۔
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے اثرات ٹرانسپورٹ کے شعبے میں آہستہ آہستہ نمایاں ہونے لگے ہیں تاہم عوام کو ابھی تک مکمل ریلیف میسر نہیں آ سکا۔
کراچی سے ملک کے بالائی اور وسطی شہروں کی جانب چلنے والے بعض چھوٹے ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 100 سے 500 روپے تک کمی کا اعلان کیا ہے۔
جاری کردہ نئے کرایہ نامے کے مطابق کراچی سے اسلام آباد جانے والی بسوں کا کرایہ 500 روپے کمی کے بعد 6 ہزار روپے کر دیا گیا ہے جبکہ لاہور کا کرایہ 6 ہزار روپے سے کم ہو کر 5 ہزار 500 روپے پر آ گیا ہے۔
اسی طرح کراچی سے پشاور کا کرایہ 7 ہزار روپے، فیصل آباد کا 5 ہزار روپے اور ملتان کا کرایہ 4 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔
اندرونِ سندھ سفر کرنے والے مسافروں کے لیے بھی معمولی ریلیف دیا گیا ہے جس کے تحت کراچی سے میرپورخاص کا کرایہ 1300 سے گھٹا کر 1200 روپے، حیدرآباد کا 800 سے کم کر کے 700 روپے اور بدین کا کرایہ 1500 سے کم کر کے 1400 روپے کر دیا گیا ہے۔
مسافروں نے کرایوں میں اس کمی کو خوش آئند قرار دیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ موجودہ کرائے اب بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہیں اور حکومت کو چاہیے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کرے۔
شہریوں نے شکوہ کیا کہ جب ایندھن مہنگا ہوتا ہے تو ٹرانسپورٹرز راتوں رات کرایوں میں بڑا اضافہ کر دیتے ہیں لیکن قیمتیں کم ہونے پر اسی تناسب سے کمی نہیں کی جاتی۔
مسافروں کے مطابق کراچی میں صرف چند چھوٹے ٹرانسپورٹرز نے نرخ کم کیے ہیں جبکہ بڑی اور معروف ٹرانسپورٹ کمپنیاں بدستور پرانے کرائے وصول کر رہی ہیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرکاری سطح پر کرایوں کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ ایندھن سستا ہونے کا براہِ راست فائدہ مسافروں تک پہنچ سکے۔
دوسری جانب ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں مزید کمی نہ کرنے کا جواز پیش کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی ضرور ہوئی ہے مگر اس کے ساتھ ٹول ٹیکس، اسپیئر پارٹس اور گاڑیوں کی مرمت و دیکھ بھال کے اخراجات میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے۔
ایک ٹرانسپورٹر کا کہنا تھا کہ حکومت ایک طرف ایندھن سستا کرتی ہے تو دوسری جانب ٹول ٹیکس بڑھا دیتی ہے، جس کے باعث ٹرانسپورٹ سیکٹر کو کوئی حقیقی بچت نہیں ہو پاتی۔
ایک اور ٹرانسپورٹر نے بتایا کہ راولپنڈی کے لیے ان کی سلیپر بس کا کرایہ 12 ہزار روپے اور مانسہرہ کے لیے 10 ہزار روپے ہے جو عوام کی مالی مشکلات کو دیکھتے ہوئے پہلے ہی کم سے کم سطح پر رکھا گیا ہے اور موجودہ اخراجات میں گاڑی چلانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
ادھر خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بھی پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے بعد مقامی اور اندرونِ صوبہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی کمی دیکھی گئی ہے تاہم بین الصوبائی روٹس کے کرایوں میں کوئی ردو بدل نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : متحدہ عرب امارات میں عالمی کرکٹ کا بڑا میلہ : آئی ایل ٹی 20 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے آج آغاز ہوگا!
ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق صوبے کے اندر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد جبکہ مسافر ویگنوں اور گاڑیوں کے کرایوں میں 30 سے 40 روپے تک کمی کی گئی ہے۔
ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ پشاور سے اسلام آباد کا کرایہ بدستور 850 روپے برقرار ہے اور پشاور سے لاہور و کراچی جانے والی بسوں کے کرایوں میں بھی فی الحال کوئی کمی نہیں کی گئی کیونکہ بین الصوبائی سفر کے دیگر مالی اخراجات بدستور بلند سطح پر ہیں۔





