متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر عالمی کرکٹ کا ایک اور بڑا میلہ سجنے کے لیے تیار ہے، جہاں ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی (ILT20) کے پانچویں سیزن کا باقاعدہ آغاز آج سے ہو رہا ہے جبکہ افتتاحی معرکے میں دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز اور گزشتہ سیزن کی رنرز اپ ایم آئی ایمریٹس کی ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی۔
ٹورنامنٹ کے آغاز سے ایک روز قبل ایکسپو سٹی دبئی میں واقع ڈی پی ورلڈ کے دفتر میں ایک پروقار مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں لیگ کی تمام چھ فرنچائزز کے نمایاں کھلاڑیوں نے شرکت کر کے اپنی تیاریوں، ٹائٹل کے حصول کے عزائم اور ٹورنامنٹ کے بڑھتے ہوئے عالمی معیار پر تفصیلی گفتگو کی۔
اس سیزن میں پاکستانی سپر اسٹارز بابر اعظم اور شاداب خان سمیت دنیائے کرکٹ کے نامور کھلاڑی شائقین کی توجہ کا خاص مرکز بنے ہوئے ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران ڈیزرٹ وائپرز کے انگلش فاسٹ بولر ڈیوڈ پین نے قومی آل راؤنڈر شاداب خان کو ٹیم کا کپتان مقرر کیے جانے کو ایک بہترین فیصلہ قرار دیا۔
انہوں نے سابق پاکستانی کپتان بابر اعظم کی عالمی معیار کی بیٹنگ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم ان کے وسیع تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی خواہشمند ہے۔
ایم آئی ایمریٹس کی نمائندگی کرنے والے افغان اسٹار راشد خان نے کہا کہ آئی ایل ٹی 20 کے آغاز کے بعد متحدہ عرب امارات میں کرکٹ کے کھیل کو غیر معمولی فروغ ملا ہے اور مقامی نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کر کے اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے سنہری مواقع مل رہے ہیں۔
دبئی کیپیٹلز کی جانب سے پہلی مرتبہ لیگ کا حصہ بننے والے جنوبی افریقہ کے سابق کپتان فاف ڈو پلیسی نے ایونٹ کے اعلیٰ معیار اور یو اے ای کی عالمی سطح کی کرکٹ سہولیات کو سراہا۔
اسی طرح ابوظبی نائٹ رائیڈرز کے کولن منرو، گلف جائنٹس کے کپتان ہینرک کلاسن اور شارجہ واریئرز کے کپتان سکندر رضا نے بھی اپنی ٹیموں کی بھرپور تیاریوں اور ٹائٹل جیتنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سکندر رضا نے لیگ میں ایسوسی ایٹ ممالک کے کھلاڑیوں کی لازمی شمولیت کو کرکٹ کے فروغ کے لیے خوش آئند اقدام قرار دیا۔
شیڈول کے مطابق پانچویں سیزن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب آج شام ساڑھے چھ بجے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی جس میں خصوصی پرفارمنس، لیگ کے نئے ترانے کی رونمائی اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا جبکہ افتتاحی میچ مقامی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوگا۔
ایونٹ کے مجموعی طور پر 34 میچوں میں بابر اعظم، سنیل نارائن، نکولس پورن، جونی بیئرسٹو، فل سالٹ، مارکس اسٹوئنس، ڈیوڈ ملر اور لیام لیونگسٹون سمیت بین الاقوامی کرکٹ کے بڑے نام ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اقدام:ٹیکس دہندگان پر بوجھ ڈالے بغیر آمدن بڑھانے کے نئے منصوبے کا اعلان!
شائقین کو میدان کے باہر بھی بہترین تجزیے سننے کو ملیں گے کیونکہ کمنٹری پینل میں پاکستان کے لیجنڈری کرکٹرز وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر کے علاوہ آسٹریلیا کے بریٹ لی، بھارت کے نوجوت سنگھ سدھو اور رابن اتھاپا جبکہ ویسٹ انڈیز کے ایان بشپ اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔
منتظمین کے مطابق ٹورنامنٹ کے تمام 34 مقابلے دنیا بھر میں مختلف ٹیلی ویژن چینلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر براہِ راست نشر کیے جائیں گے جن میں بھارت میں یونائٹ 8 اسپورٹس، زی فائیو، زی زیسٹ اور فین کوڈ جبکہ برطانیہ میں ٹی این ٹی اور ایچ بی او شامل ہیں۔
شائقین افتتاحی میچ سمیت دیگر مقابلوں کے ٹکٹ آئی ایل ٹی 20 کی آفیشل ٹکٹنگ ویب سائٹ اور پلاٹینم لسٹ سے حاصل کر سکتے ہیں۔





