وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے درمیان ملاقات شروع

وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے درمیان ملاقات شروع

وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے درمیان اہم ملاقات جاری، وفاقی وزرا اور مشیر خزانہ بھی شامل ہے ۔

وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں اہم ملاقات جاری ہے، جس میں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو خصوصی طور پر ملاقات کے لیے مدعو کیا تھا۔

ملاقات میں مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم بھی شریک ہیں، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر امیر مقام اور رانا ثنااللہ بھی وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے ہیں، جس سے ملاقات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا وزیراعظم کو صوبے میں دہشت گردی سے متعلق درپیش تحفظات سے آگاہ کریں گے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال، امن و امان اور درپیش چیلنجز پر بھی تفصیلی گفتگو کی جا رہی ہے۔

ملاقات میں وفاق کے ذمہ صوبے کے واجبات کی ادائیگی کا معاملہ بھی زیرِ غور آئے گا، جبکہ 8 فروری کو ممکنہ احتجاج سے متعلق صورتحال پر بھی بات چیت ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق وادی تیراہ میں جاری آپریشن اور اس کے نتیجے میں مقامی آبادی کی نقل مکانی جیسے حساس معاملات بھی ملاقات کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق یہ ملاقات خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی اور انتظامی امور کے حوالے سے نہایت اہم قرار دی جا رہی ہے، جس کے نتائج آنے والے دنوں میں اہم پیش رفت کا باعث بن سکتے ہیں۔

Scroll to Top