پولیو مہم کے دوران خیبر پختونخوا میں پولیس الرٹ، ناکے اور پٹرولنگ میں اضافہ

پشاور: خیبر پختونخوا میں انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے اور صوبے بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ مہم بلا کسی رکاوٹ کے کامیابی سے مکمل ہو سکے۔

پولیو ٹیموں اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خیبر پختونخوا پولیس نے جامع سیکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت صوبے کے تمام اضلاع میں داخلی و خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندیاں قائم کی گئی ہیں، پٹرولنگ میں اضافہ کیا گیا ہے اور حساس مقامات پر سنیپ چیکنگ کا عمل جاری ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

صوبے کے مختلف اضلاع میں سرکل ایس ڈی پی اوز نے بی ایچ یوز کا دورہ کیا اور پولیو ڈیوٹی پر مامور پولیس جوانوں سے ملاقات کی۔

افسران نے جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں الرٹ رہنے اور اپنی ذمہ داریاں مکمل لگن کے ساتھ ادا کرنے کی ہدایات دیں۔

ڈی پی اوز خیبر پختونخوا نے خود فیلڈ میں موجود رہ کر سیکیورٹی ڈیوٹی، ناکہ بندیوں اور پولیو ٹیموں کی حفاظت کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پولیس میں اہم تبادلے اور تقرریاں

افسران نے کہا کہ پولیو مہم قومی فریضہ ہے اور اس کی کامیابی کے لیے پولیس فورس مکمل طور پر الرٹ ہے۔

پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس قومی مہم میں بھرپور تعاون کریں تاکہ صوبے بھر میں ہر بچے کو پولیو سے محفوظ بنایا جا سکے۔

Scroll to Top