غفلت کی کوئی گنجائش نہیں! فائر سیفٹی اقدامات سے متعلق محکمہ صحت خیبر پختونخوا کا مراسلہ جاری

کراچی کے گل پلازا میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کے بعد محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے صوبے بھر میں فائر سیفٹی کے حوالے سے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے تمام سرکاری اور خودمختار اسپتالوں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی جانب سے فائر سیفٹی اقدامات سے متعلق باقاعدہ مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جس میں تمام طبی اداروں میں آگ بجھانے والے آلات کی تنصیب اور ان کی مکمل فعالیت کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

مراسلے کے مطابق صوبے کے تمام سرکاری اسپتالوں، میڈیکل کالجوں اور ضلعی صحت دفاتر میں فائر سیفٹی کے انتظامات ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ فائر سیفٹی کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کراچی کے گل پلازا میں پیش آنے والے واقعے کے بعد صوبے بھر کے اسپتالوں میں حفاظتی آلات اور فائر سیفٹی انتظامات کی باقاعدہ جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے

سیکریٹری صحت خیبر پختونخوا کے مطابق عوام اور مریضوں کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اسپتالوں میں حفاظتی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے، جبکہ متعلقہ حکام کو فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

Scroll to Top