سونے کی قیمت میں اچانک اضافہ: مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا دوبارہ پانچ لاکھ روپے سے اوپر پہنچ گیا
پاکستان میں مقامی اور عالمی گولڈ مارکیٹس میں سونے کی مسلسل گرتی قیمت کو ایک بار پھر بریک لگ گیا ہے، اور تین روزہ کمی کے بعد سونے کی قیمتوں میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
مقامی مارکیٹ میں آج 24 کیرٹ فی تولہ سونے کی قیمت ایک بار پھر پانچ لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی، اور 24 کیرٹ فی تولہ سونے کے دام 13,700 روپے اضافے کے بعد 504,062 روپے ہو گئے۔ دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 11,745 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ 432,151 روپے پر پہنچ گئی۔
چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، اور فی تولہ چاندی کی قیمت 416 روپے بڑھ کر 8,821 روپے ہو گئی ہے۔
یہ اضافہ عالمی مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ سے بھی منسلک ہے۔ آج عالمی منڈی میں فی اونس سونا 137 ڈالر مہنگا ہو کر 4,814 ڈالر پر پہنچ گیا، جبکہ گزشتہ تین دن میں عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں اچانک کمی کے نتیجے میں فی اونس سونا 825 ڈالر تک سستا ہو چکا تھا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں اچانک اتار چڑھاؤ نے گولڈ مارکیٹس میں کھربوں ڈالرز کے نقصانات اور منافع کے مواقع پیدا کر دیے ہیں۔ پاکستان میں بھی یہ اتار چڑھاؤ براہِ راست مقامی مارکیٹ پر اثر انداز ہوا، جس کی وجہ سے سونے کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مالی ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ عالمی و مقامی حالات میں سونا سرمایہ کاری کے لیے سب سے محفوظ آپشن بن چکا ہے، اور سرمایہ کاروں کو مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ پر غور کرتے ہوئے حکمتِ عملی ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔





