سولر صارفین کے لیے اہم پیش رفت، وزیر توانائی کی ہدایت پر نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ منتقلی سے متعلق زیرِ التوا 11 ہزار 695 درخواستیں نمٹا دی گئی ہیں۔
پاور ڈویژن کے مطابق نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ منتقلی کے لیے مجموعی طور پر 16 ہزار 654 درخواستیں زیرِ التوا تھیں۔ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی نے 11 ہزار 695 صارفین سے پیغامات اور واٹس ایپ کے ذریعے براہِ راست رابطہ کیا۔
صارفین اب اپنی نیٹ میٹرنگ درخواست کا اسٹیٹس آن لائن پورٹل کے ذریعے بھی معلوم کرسکتے ہیں۔
ترجمان پاور ڈویژن نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ درخواست کی جلد پراسیسنگ کے لیے کسی بھی فرد کو فیس ادا نہ کریں۔ صارفین سے براہِ راست رابطے کا مقصد انہیں ایجنٹوں اور غیر ضروری مداخلت سے محفوظ رکھنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیٹ میٹرنگ سے متعلق سولر صارفین کیلئے بڑی خبر
ترجمان کے مطابق تصدیقی عمل کا بنیادی مقصد مستحق صارفین کے حقوق کا تحفظ اور غیر قانونی کنکشنز کی روک تھام ہے۔
وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ حکومت سولر اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کی بھرپور حامی ہے، حکومت سولرائزیشن کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہتی بلکہ شفاف، مؤثر اور پائیدار نظام قائم کرنا چاہتی ہے۔





