ٹی 20 ورلڈکپ!نیدرلینڈ کا 148 رنز کا ہدف، تعاقب میں پاکستان کی 4 وکٹیں گرگئیں

ٹی 20 ورلڈکپ!نیدرلینڈ کا 148 رنز کا ہدف، تعاقب میں پاکستان کی 4 وکٹیں گرگئیں

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈ کے دیے گئے 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مضبوط آغاز کیا ہے اور گرین شرٹس نے 4 وکٹ کے نقصان پر 98 رنز بنا لیے ہیں۔

میچ میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے کیا۔ تاہم، 27 رنز کے مجموعے پر صائم ایوب 13 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، ان کے اسکور میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ کپتان سلمان علی آغا بھی 53 کے مجموعے پر 12 رنز بنا کر آریان دت کا شکار بنے۔ صاحبزادہ فرحان نے 46 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی لیکن وہ بھی رن آؤٹ ہوئے، جبکہ عثمان خان صفر پر بولڈ ہو گئے، دونوں کو ایک ہی اوور میں پال وین میکرین نے آؤٹ کیا۔

قبل ازیں، پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر نیدرلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیدرلینڈ کی جانب سے مائیکل لیوٹ اور میکس اوڈووڈ نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 28 رنز کا اچھا آغاز دیا۔ میکس اوڈووڈ 5 رنز بنا کر سلمان مرزا کی گیند پر آؤٹ ہوئے، جبکہ مائیکل لیوٹ 24 رنز بنا کر محمد نواز کا شکار بنے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے کولن ایکرمین 20 رنز کے ساتھ رن آؤٹ ہوئے، جبکہ باس ڈی لیڈ نے 30 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی

پاکستانی بولرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے نیدرلینڈ کی ٹیم کو مقررہ 20 اوورز میں 147 رنز پر آؤٹ کر دیا، حالانکہ ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ ڈچ ٹیم 160 سے 170 کے درمیان اسکور کر لے گی۔ آخری 6 وکٹیں صرف 20 رنز کے عوض گر گئیں۔ پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3، صائم ایوب، محمد ابرار اور محمد نواز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ایک وکٹ شاہین آفریدی کے حصے میں آئی۔

نیدرلینڈ کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 37 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، باس ڈی لیڈ نے 30، مائیکل لیوٹ 24 اور کولن ایکرمین 20 رنز کے ساتھ نمایاں کردار ادا کیا۔

پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے اور گرین شرٹس ہدف کی طرف محتاط مگر پُراعتماد انداز میں بڑھ رہی ہے، جبکہ شائقین کی نظریں گرین شرٹس کے بیٹنگ جوڑیوں پر جمی ہوئی ہیں۔

Scroll to Top