ٹی 20ورلڈ کپ ! پاکستان نے نیدر لینڈز کو شکست دیدی

ٹی 20ورلڈ کپ ! پاکستان نے نیدر لینڈز کو شکست دیدی

ٹی 20 ورلڈکپ، فہیم اشرف کی شاندار بیٹنگ، پاکستان نے نیدرلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے دی

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے فہیم اشرف کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت نیدرلینڈ کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا شاندار آغاز کر دیا۔

کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈ کی جانب سے دیے گئے 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے کیا۔ تاہم 27 کے مجموعے پر صائم ایوب 13 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

پاکستان کو اس وقت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب کپتان سلمان علی آغا 53 کے مجموعے پر 12 رنز بنا کر آریان دت کا شکار بنے۔ بعد ازاں صاحبزادہ فرحان 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عثمان خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ پال وین میکرین نے ایک ہی اوور میں دو وکٹیں حاصل کر کے پاکستان پر دباؤ بڑھا دیا، جبکہ اگلے ہی اوور میں وین ڈر مرفی نے بابر اعظم کو کیچ آؤٹ کرا دیا۔

مزید مشکلات اس وقت بڑھیں جب محمد نواز 6 اور شاداب خان 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ سات وکٹیں گرنے کے بعد فہیم اشرف نے شاندار اعصاب کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کا رخ ہی بدل دیا۔ فہیم اشرف نے صرف 9 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 29 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور پاکستان کو ورلڈکپ میں پہلی فتح دلوا دی۔

اس سے قبل پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ نیدرلینڈ کے اوپنرز مائیکل لیوٹ اور میکس اوڈووڈ نے 28 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم میکس اوڈووڈ 5 رنز بنا کر سلمان مرزا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

نیدرلینڈ کی دوسری وکٹ مائیکل لیوٹ کی صورت میں گری جو محمد نواز کی گیند پر 24 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ کولن ایکرمین 20 رنز بنا سکے جبکہ باس ڈی لیڈ 30 رنز بنا کر محمد نواز کا دوسرا شکار بنے۔

پاکستانی بولرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے نیدرلینڈ کی آخری 6 وکٹیں صرف 20 رنز کے عوض حاصل کیں۔ آخری اوور میں سلمان مرزا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے پوری ڈچ ٹیم کو 147 رنز پر ڈھیر کر دیا۔

پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ صائم ایوب، ابرار احمد اور محمد نواز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک وکٹ شاہین آفریدی کے حصے میں آئی۔

نیدرلینڈز کے لیے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ باس ڈی لیڈ، مائیکل لیوٹ اور کولن ایکرمین نے بالترتیب 30، 24 اور 20 رنز اسکور کیے۔

اس کامیابی کے بعد پاکستان نے گروپ مرحلے میں مضبوط آغاز کر لیا ہے اور شائقین کو ٹیم سے آئندہ میچز میں مزید شاندار کارکردگی کی امید ہے۔

Scroll to Top