وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے تحریک انصاف کی احتجاجی کال اور جھوٹے بیانیے کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا کہ عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ ہڑتالوں، کاروبار بند کرانے اور احتجاجی سیاست کے لیے نہیں دیا تھا۔
امیر مقام کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے ہمیشہ پاکستانیت کا ساتھ دیا ہے اور منفی سیاست کو رد کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی گزشتہ 13 سال سے صوبے کے عوام کو مسلسل دھوکہ دے رہی ہے اور صوبائی حکومت کی کوئی نمایاں کارکردگی نظر نہیں آتی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام صوبے میں امن، استحکام اور ترقی چاہتے ہیں، جبکہ موجودہ صوبائی حکومت ان بنیادی مسائل پر توجہ دینے میں ناکام رہی ہے۔
انہوں نے کہا صوبے میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے مگر حکومت سنجیدگی دکھانے کے بجائے احتجاجی سیاست میں مصروف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی پہیہ جام کال بری طرح ناکام، عوام نے احتجاجی سیاست مسترد کر دی، عطا تارڑ
امیر مقام نے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت پنجاب کے ساتھ مقابلہ احتجاج میں نہیں بلکہ ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبوں میں کرے، انہوں نے کہا کہ صوبے کے نوجوان وہی سہولیات چاہتے ہیں جو اٹک کے اس پار عوام کو میسر ہیں۔
وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے جھوٹ کے بیانیے کو مسترد کر کے واضح پیغام دے دیا ہے کہ انہیں ہڑتالیں نہیں بلکہ روزگار، تعلیم، صحت اور ترقی درکار ہے۔





