وفاقی حکومت نے بیرون ملک پاکستان کی سفارتی نمائندگی کے لیے 19 نئے سفیروں اور قونصل جنرلز کی تقرری کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی منظوری سے تقرریوں کا باضابطہ اعلان کیا۔
ایکس پر جاری بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران مضبوط خارجہ پالیسی روابط اور عالمی سطح پر مؤثر سفارتی رسائی کی رفتار کو برقرار رکھا گیا ہے اور نئے مقرر ہونے والے سفارتی نمائندے واضح مقصد، پیشہ ورانہ مہارت اور دانشمندی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
I am pleased to announce appointments of 19 Ambassadors and Consuls General to represent Pakistan abroad, with the approval of Prime Minister Mohammad Shehbaz Sharif @CMShehbaz.
Building on the momentum of the last two years of robust foreign policy engagement and international…
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) February 11, 2026
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئندہ سفارتی حکمت عملی میں اقتصادی سفارت کاری کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگی تاکہ پاکستان کے تجارتی اور معاشی مفادات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔
جاری فہرست کے مطابق سعدیہ الطاف قاضی کو بینکاک، سلمان شریف کو برلن، حسنین یوسف کو دارالسلام، عرفان احمد کو دوشنبے، طاہر حسین اندرابی کو جنیوا، اشعر شہزاد کو کمپالا، محمد عامر خان کو کھٹمنڈو، چوہدری ٹیپو عثمان کو لندن، ڈاکٹر بلال احمد کو نیروبی، عاصم علی خان کو اوسلو، احمد امجد علی کو اسٹاک ہوم، محمد مدثر ٹیپو کو تاشقند اور عمران احمد صدیقی کو تہران میں سفیر مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح علی انصر زیدی کو فرینکفرٹ، یاسر اقبال بٹ کو گوانگژو، شہباز حسین کو قندھار، سراج احمد خان کو لاس اینجلس، اویس احمد خان کو مزارِ شریف اور فیصل ابڑو کو مونٹریال میں قونصل جنرل تعینات کیا گیا ہے۔
وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ اور بیرون ملک خدمات انجام دینے والے پاکستانی سفارتکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی خاموش اور مؤثر کاوشیں عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور مستقبل میں بھی قومی مفادات کے فروغ کے لیے ان کی خدمات اہمیت کی حامل رہیں گی۔





